انڈین اداکارہ دبئی سے سونا سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار: ’سونے کے بسکٹس کو جسم میں چھپایا گیا‘

انڈیا کی جنوبی ریاست کرناٹک کی فلم اداکارہ رانیا راؤ کو دبئی سے 14 کلو گرام سونا سمگل کرنے کے الزام میں بنگلور کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

انڈیا کے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) نے رانیا راؤ کو منگل کی شام دبئی سے بنگلور کے ہوائی اڈے پہنچنے پر اس وقت گرفتار کیا، جب ان کے قبضے سے 14.2 کلو گرام سونا برآمد ہوا۔

ڈی آر آئی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’سونے کے بسکٹس کو جسم میں اچھی طرح سے چھپایا گیا۔‘

اس سونے کی مجموعی مالیت 12 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ ڈی آر آئی کا کہنا ہے حالیہ مہینوں میں بنگلور ہوائی اڈے پر سمگل کیے جانے والے سونے کی برآمدگی کا یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔

ہوائی اڈے پر سونے کی برآمدگی کے بعد ڈی آر آئی حکام نے بنگلور کے ایک متمول علاقے میں واقع رانیا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا جہاں وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہتی ہیں۔

ڈی آر آئی کے بیان میں کہا گیا گیا ہے کہ ’اس چھاپے میں ان کے گھر سے بھی دو کروڑ چھ لاکھ روپے مالیت کے زیورات اور دو کروڑ 67 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔‘

بیان کے مطابق خاتون کو کسٹمز قوانین کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا اور مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد جوڈیشیل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔‘