یہ ایک خاتون کی لاش تھی جس کی موت بظاہر پہاڑ کی بلندی سے گرنے سے ہوئی۔ 20 فٹ گہری کھائی میں موجود لاش کے قریب ہی ایک ہینڈ بیگ بھی موجود تھا جس میں دو سو روپے موجود تھے۔
اس سیاحتی مقام پر ایک ہی سال قبل ایک سوٹ کیس میں بند لاش ملنے کے بعد سے نگرانی کے انتظامات بھی سخت کیے جا چکے تھے۔
خاتون کے بیگ سے ایک ہاسٹل میں ادائیگی کی رسید سمیت ایک شناختی کارڈ ملا لیکن اس کارڈ پر موجود تصویر میں نقاب اوڑھا گیا تھا۔
جلد ہی یہ علم ہوا گیا کہ یہ لاش ایک نجی کوچنگ سینٹر میں پڑھانے والی 35 سالہ خاتون کی تھی۔ اور پھر جیسے جیسے اس بظاہر حادثاتی موت کی تفتیش ہوتی چلی گئی تو یہ معاملہ کچھ اور نظر آیا جس میں محبت اور دھوکے سے قتل کی ایسی واردات کا انکشاف ہوا جس میں مقتولہ کو ایک نرس کی مدد سے انجیکشن لگا کر پہاڑ سے گرانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
یہ معاملہ ہے انڈیا کی ریاست تمل ناڈو کا جہاں پولیس نے اس کیس میں انجینیئرنگ کے ایک طالب علم، ایک آئی ٹی ورکر اور نرسنگ کالج کی طالبہ کو گرفتار کیا ہے۔
لیکن یہ پہیلی حل کیسے ہوئی اور پولیس ملزمان تک کیسے پہنچی؟