’شکر کریں میں آپ کو گرفتار نہیں کروا رہی‘

’آپ ایم ایس ہیں؟ آپ کو کچھ پتہ نہیں ہے؟ آپ کو کس نے رکھا ہوا ہے یہاں؟ دا گائی نیڈز ٹو بی فایئرڈ (اس بندے کو فارغ کرنے کی ضرورت ہے)۔‘

پاکستان میں سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں صوبہ پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز ایک ہسپتال میں متعدد افراد کی موجودگی میں دکھائی دیتی ہیں جہاں وہ یہ چند جملے ایک شخص کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ادا کرتی ہیں۔

پھر وہ کہتی ہیں کہ ’شکر کریں میں آپ کو گرفتار نہیں کروا رہی۔ آپ کو پتا ہی نہیں کہ مریضوں کے ساتھ ہو کیا رہا ہے۔‘

پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میو ہسپتال میں مریضوں کی پریشانیوں کی وجہ سے وزیر اعلی پنجاب نے ایم ایس کو عہدے سے ہٹا دیا۔ تاہم یہ ویڈیو وائرل ہونے کے ساتھ ساتھ صارفین کی جانب سے متضاد آرا بھی سامنے آئیں۔

ادھر پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے میو ہسپتال کے اس ’اچانک دورے‘ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کے سخت جملوں کا دفاع کیا اور کہا کہ انھوں نے ’نااہلی کے خلاف زیرو ٹالرنس پر زور دیا ہے۔‘

تاہم سوشل میڈیا اس ویڈیو میں مریم نواز کے رویے پر بٹا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ ایک جانب جہاں ایک صارف نے لکھا کہ ’اس طرح پڑھے لکھے لوگوں کی توہین نہیں کرنی چاہیے‘ تو وہیں ایک اور صارف نے وزیر اعلی کے اس اقدام کی حمایت میں لکھا کہ وزیرِاعلیٰ پنجاب کا میو ہسپتال میں ’موثر اقدام قابلِ تعریف ہے‘ اور درخواست کی کہ ’گراؤنڈ پر جا کر خود ایکشن‘ لینا چاہیے۔

لیکن یہ معاملہ ہے کیا اور اس ویڈیو کے پیچھے کیا کہانی ہے؟